.

ایران نے جنگ کا فیصلہ کیا تو یہ اس کا باضابطہ اختتام ہو گا: ڈونلڈ ٹرمپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگرایران نے جنگ کا فیصلہ کیا تو یہ جنگ ایران کے باضابطہ اختتام کا ذریعہ ثابت ہوگی۔ انہوں‌ نے ایران کو خبردار کیا کہ وہ دھمکیوں سے باز آئے اور دوبارہ امریکا کو مت دھمکائے ورنہ اسے اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

'ٹویٹر' پر پوسٹ کردہ ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ کا فیصلہ ایران کو کرنا ہے۔ اگر وہ جنگ کا آپشن اختیار کرتا ہے تو یہ آخری جنگ ہوگی جو ایرانی رجیم کے باضابطہ خاتمے کا ذریعہ بنے گی۔

امریکی صدر کی طرف سے یہ دھمکی آمیز بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب کل اتوار کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے گرین زون میں 'کاتیوشا' میزائل سے حملہ کیا گیا۔

"العربیہ" نیوز چینل اور اس کے برادر چینل 'الحدث' کے نامہ نگاروں کے مطابق بغداد میں گرین زون میں امریکی سفارت خانے کے قریب میزائل گرنے کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ گرین زون میں کاتیوشا میزائل کا ہدف وہاں پرموجود امریکی سفارت خانہ ہو سکتا ہے۔

عراق میں امریکی سفارت خانے کے قریب میزائل حملے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دوسری جانب امریکا اور ایران ایک دوسرے کے خلاف جنگ کے دھانے پر کھڑے ہیں۔ دونوں‌ ملک ایک دوسرے سے دھمکی آمیز لہجے میں بات کرتے ہوئے ’’سبق سکھانے‘‘ کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

ایران کی طرف سے امریکا کو دھمکانے کے بعد امریکی فوج کی بڑی تعداد، جنگی بحری بیڑہ اور لڑاکا طیارے بھی خلیجی ملکوں میں تعینات کردیئے گئے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جنگی تیاریوں کا مقصد ایران خطے میں اس کی حامی ملیشیائوں اور پاسداران انقلاب کی جانب سے خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔

جمعہ کے روز امریکی صدر نے ایک 'ٹویٹ' میں لکھا تھا کہ 'یہ اچھی بات ہے کہ ہم نے ایران کو الجھا دیا ہے۔ امریکی پالیسی کے باعث ایران اس وقت مخمصے کا شکار ہے۔ صدر ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے غلط کوریج پر بعض امریکی ذرائع ابلاغ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔