.

فلپائن میں سعودی ہواباز کی پراسرار گمشدگی، العربیہ ڈاٹ نیٹ کو اہم معلومات مل گئیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فلپائن میں زیر تربیت ایک سعودی پائلٹ کی پراسرار گمشدگی کا معمہ حل نہیں ہوسکا تاہم اس حوالے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو اہم معلومات ملی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی پائلٹ کیپٹن عبداللہ الشریف جو ڈیڑھ سال سے فلپائن میں اورینٹ فضائی کمپنی کے ایک اسکول میں زیر تربیت تھے اپنے مقامی انسٹرکٹر کے ساتھ ایک ہفتہ قبل لاپتا ہو گئے تھے۔ ابتدائی طور پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عبداللہ الشریف جس طیارے میں سوار تھے وہ حادثے کا شکار ہوا ہے۔ تاہم اس طیارے کا کہیں بھی سراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی اس کے ملبے کا کوئی پتا چلا ہے۔

لاپتا ہواباز کے بھائی عبدالمجید الشریف نے بتایا کہ ان کے بھائی کی طیارے کے حادثے میں گمشدگی کی خبر درست نہیں۔ میرے دوسرے بھائی محمد نے عبداللہ الشریف کی گمشدگی کی خبر سے فلپائن میں سعودی سفارت خانے کو مطلع کیا۔ دو دن تک تلاش کے بعد فلپائنی حکام کے ساتھ رابطہ کیا گیا۔ لاپتا پائلٹ کے خاندان کے افراد منیلا پہنچنے اور ایک بار پھر سعودی سفارت خانے کو متحرک کیا گیا۔

عبدالمجید الشریف نے بتایا کہ سعودی سفارت خانے کی طرف سے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا۔ ہم تلاش کے لیے ساحلی علاقے میں اس جگہ گئے جہاں عبداللہ الشریف کے طیارے کے گمشدگی کی افواہ سنی گئی تھی مگر سفارت خانے کی طرف سے کسی قسم کی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔

اسی دوران فلپائنی وزارت دفاع، کوسٹ گارڈ حکام اور پولیس کی طرف سے ایک رپورٹ سامنے آئی جس میں کہا گیا کہ انہیں کسی طیارے کا ملبہ نہیں ملا ہے۔ یہ اس بات کا اشارہ تھا کہ طیارے کا کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔ بعض دوسرے واقعات بھی یہ بتا رہے ہیں کہ عبداللہ الشریف کی گمشدگی طیارے کے حادثے کا نتیجہ نہیں۔ ایسے لگتا ہے کہ عبداللہ الشریف اور اس کا مقامی انسٹرکٹر دونوں زندہ ہیں۔

سعودی عرب میں موجود عبداللہ کے ایک قریبی عزیز نے اس کا فون نمبر ملایا تو چوتھی کوشش پر نمبر مل گیا تاہم اس پر بات نہیں ہو سکی۔ گمشدگی کے واقعے کے تین روز بعد اس کے نمبر سے کوئی فلپائنی زبان میں بات کر رہا تھا مگر اس کا سعودی دوست فلپائنی نہیں سمجھ سکا۔ تاہم بات کرنے والا اونچی اونچی بول رہا تھا، جب سعودی شہری نے اسے پوچھا کہ آپ انگریزی بول سکتے ہیں تو اس کے 'ہاں' کہہ کر فون بند کردیا۔ اس کے بعد سے نمبر مسلسل بند مل رہا ہے۔

خیال رہے کہ فلپائنی حکام جنوب کے جزیرہ میندورو میں لاپتا طیارے کو تلاش کر رہے ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کیا حقیقت میں طیارے کو کوئی حادثہ پیش آیا ہے۔