.

جاپان میں سکول کی طالبات پر چاقو حملہ، ایک طالبہ سمیت 3 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جاپان میں چاقو بردار ایک شخص کے اسکول کی طالبات پر حملے کے نتیجے میں دو طالبات ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے طالبات کو نشانہ بنانے کے بعد خود پر بھی چھریوں کے وار کرکے خودکشی کرلی۔ واقعہ منگل کو دارالحکومت ٹوکیو کے نواحی شہر کاواساکی میں پیش آیا۔ تاحال حملے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دونوں ہاتھوں میں چاقو تھامے ایک شخص نے طالبات کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اسکول بس سے اتری ہی تھیں۔ بس ڈرائیور نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور نے بس میں سوار ہونے کی بھی کوشش کی تھی جس میں مزید طالبات موجود تھیں۔ جاپان کے سرکاری ٹی وی 'این ایچ کے' مطابق حملہ آور کی عمر 40 سے 50 کے لگ بھگ تھی اور اس نے طالبات پر حملے سے قبل چیخ کر کہا تھا کہ "میں تمہیں قتل کر دوں گا۔"

کاواساکی کی شہری انتظامیہ کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے طالبات میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے۔ حکام نے ہلاک ہونے والی طالبہ کی عمر بارہ سال تھی تاہم زخمی ہونے والی طالبات کی عمریں معلوم نہیں ہو سکیں۔ حکام کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی طالبات میں سے بیشتر ایک مسیحی مشنری اسکول میں زیرِ تعلیم ہیں جو کینیڈا کے سے تعلق رکھنے والی کیتھولک راہباؤں کا ایک ادارہ چلاتا ہے۔


ڈونلڈ ٹرمپ کا اظہار افسوس

جاپان میں یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جاپان کے سرکاری دورے پر ٹوکیو میں ہیں اور انہوں نے منگل کو ٹوکیو سے باہر امریکی فوجی اڈوں کا دورہ بھی کرنا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہا ہے کہ امریکی عوام جاپان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی دعائیں اور ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

کم ترین جرائم کی شرح والا ملک

جاپان کا شمار ان ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے جہاں جرائم اور پرتشدد کے واقعات کی شرح بہت کم ہے اور ایسے اکا دُکا واقعات ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔

سنہ 2001 میں اوساکا میں آٹھ طلبہ اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب ایک ایلیمینٹری سکول میں ایک شخص نے داخل ہو کر چاقو سے حملہ شروع کر دیا تھا۔

سنہ 2018 میں وسطی جاپان میں ایک شخص نے بلٹ ٹرین میں چاقو سے وار کر کے ایک شخص کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد ریل میں نئے سیکیورٹی اقدامات تجویز کیے گئے تھے۔

سنہ 2016 میں ایک شخص نے ٹوکیو کے جنوب میں معذور افراد کے ادارے میں چاقو سے حملہ کر کے 19 افراد کو قتل کر دیا تھا۔ حملہ آور کا کہنا تھا کہ دنیا کو ذہنی معذور افراد سے پاک کرنا اس کا مشن ہے۔