.

ایمیزون کمپنی کے سربراہ کی سابقہ اہلیہ کا اپنی آدھی دولت عطیہ کرنے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بین الاقوامی شہرت کی حامل آن لائن خریداری کمپنی 'ایمیزون' کے بانی اور عالمی ارب پتی جیف بیزوس کی سابق اہلیہ میکینزی بیزوس نے شوہر سے علاحدگی کے دوران حاصل کی گئی آدھی دولت عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ میکینزی نے شوہر سے طلاق کے بعد 37 ارب ڈالر کی رقم حاصل کی تھی۔ بیزوس کی مطلقہ نے ایک بیان میں ‌کہا کہ میری زندگی کی ایک خوشی یہ ہے کہ میں‌ اپنی جائیداد میں ایک بڑی رقم عطیہ کر دوں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جیف بیزوس کی اہلیہ کا شمار بھی ارب پتی لوگوں میں ہوتا ہے مگر اپنی آدھی دولت عطیہ کرنے کے اعلان کے بعد وہ ان ارب پتی لوگوں میں شمار ہوں‌ گی جو دولت کا ایک بڑا حصہ فلاحی کاموں کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔

اس سے قبل امریکا میں مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ، امریکی ارب پتی وارن بافٹ نے سنہ 2010ء میں ایک مہم شروع کی تھی جس میں ارب پتی لوگوں سے اپنی دولت فلاحی کاموں پر صرف کرنے کامطالبہ کیا گیا تھا۔

جیف بیزوس اور اس کی اہلیہ میکینزی کے درمیان پانچ اپریل کو علاحدگی ہو گئی تھی۔ دنیا کی تاریخ میں یہ سب سے مہنگی طلاق سمجھی جاتی ہے جس میں ایمیزون کمپنی کے سربراہ نے اپنی مطلقہ بیوی کو 37 ارب ڈالر کی رقم ادا کی تھی۔

طلاق کے بعد میکینزی 'ایمیزون' کمپنی کی دولت کا صرف چار فی صد وصول کریں‌ گی۔ طلاق سے قبل جیف بیزوس کی دولت ایک کھرب 40 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے اور ان کا شمار دنیا کے امیر ترین لوگوں‌ میں‌ ہوتا ہے۔

جیف بیزوس اور میکینزی 25 سال تک رشتہ ازدواج میں منسلک رہے۔ رواں سال جنوری میں اچانک ان میں علاحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ فوربز جریدے کے مطابق بیزوس کی دولت ایک کھرب 50 ارب ڈالر ہے۔