.

کابل: عسکری تربیت کے مرکز کے نزدیک دھماکا، 6 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افغانستان میں پولیس اور سیکیورٹی عہدیداران نے بتایا ہے کہ دارالحکومت کابل میں ایک خود کش بم بار نے اپنے آپ کو عسکری تربیت کے مرکز کے گیٹ کے نزدیک دھماکے سے اڑا دیا۔ جمعرات کے روز ہونے والے حملے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور نصف درجن زخمی ہو گئے۔

ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ خود کش حملہ آور کو کابل کے مغرب میں واقع مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا جس کے بعد اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

دھماکا اُس وقت ہوا جب طلبہ اکیڈمی سے نکل کر واپس جا رہے تھے۔ مذکورہ اکیڈمی افغانستان میں عسکری تربیت کے مرکزی اداروں میں سے ایک ہے۔

ابھی تک دھماکے کی ذمے داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان میں 18 برسوں سے جاری تنازع اور لڑائی ختم کرنے اور تصفیے کی کوششوں کے سلسلے میں تحریک طالبان کے نمائندوں اور سینئر افغان سیاست دانوں کے درمیان ماسکو میں ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔