.

سعودی عرب میں شوّال المکرم کا چاند نظر آگیا، آج عید الفطر منائی جارہی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں شوّال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے اورآج منگل چار جون کو مملکت میں مذہبی عقیدت واحترام سے عید الفطر منائی جارہی ہے۔

سعودی عرب کے شاہی دیوان نے سوموار کو شوال کا چاند نظر آنے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ عیدالفطر کی تقریبات کا آغاز منگل سے ہوگا۔متحدہ عرب امارات اور عراق میں بھی آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی آج عید منانے کا اعلان کیا ہے اور صوبائی حکومت نے ان کے اس فیصلے کی تائید کی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان پورے صوبے میں ایک ہی روز عید منانا چاہتے ہیں جبکہ ملک کے باقی علاقوں میں بدھ کو عید ہونے کا امکان ہے۔

نئے اسلامی مہینے کا آغاز رؤیت ہلال کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اور اسلامی کیلنڈر کا ہر مہینہ 29 یا 30 دن کا ہوتا ہے۔ چاند کی حرکت اور ایام میں اس رد وبدل کی بنا پر اسلامی مہینے کا آغاز کسی خاص تاریخ یا دن کو نہیں ہوتا بلکہ ہر سال اسلامی مہینے کے ایام تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

چاند کی رؤیت کے اعلان کے لیے دو معتبر شہادتیں ہونا ضروری ہیں اور ان کی شہادتوں کے بعد نئے قمری مہینے کے آغاز کا اعلان کیا جاتا ہے۔نیز ہر اسلامی ملک میں چاند کی رؤیت وقت کے فرق کی وجہ سے مختلف ہوسکتی ہے اور ان کے ہاں نئے قمری مہینے کا چاند دیکھنے کے لیے علماء پر مشتمل بورڈ قائم ہیں اور جدید رصدگاہیں بھی ان کی معاونت کرتی ہیں۔

جغرافیائی فرق کی وجہ سے مختلف ممالک میں مختلف دنوں میں نئے اسلامی مہینے کا آغاز ہوسکتا ہے۔اسی لیے دنیا کے مختلف ممالک میں عید مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے۔قرآن مجید میں بیان کردہ تعلیمات اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور روایت کے مطابق ہلال کی رؤیت پر رمضان المبارک کا آغاز کیا جاتا ہے اور پھر 29 یا 30 روزے پورے ہونے اور شوال کا چاند نظر آنے پر عید الفطر منائی جاتی ہے۔

بالعموم تمام اسلامی ممالک میں سرکاری رؤیت ہلال کمیٹیاں یا سینیر علماء پر مشتمل بورڈ ٹھوس اور معتبر شہادتوں کی بنیاد پر نیا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہیں۔پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا منگل کی شام اجلاس ہوگا اور وہ نئے ہلال سے متعلق ٹھوس شہادتوں کی بنا پر کوئی فیصلہ کرے گی۔