.

وڈیو: اطالیہ میں دیو ہیکل کروز شپ کا ایک چھوٹی کشتی سے خوفناک تصادم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اطالیہ کے شہر وینس میں ایک دیو ہیکل کروز شپ ایک اہم آبی گذر گاہ میں سیاحتی کشتی سے ٹکرا گیا۔ اتوار کی صبح ڈیلا جیڈیکا دریا میں پیش آنے والے اس واقعے میں 5 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

اس حوالے سے متعلقہ کمپنی "ایم ایس سی کروزز" کے مطابق "اوپیرا" نامی کروز شپ لنگر انداز ہونے کے مقام کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اس دوران فنی مسئلے کی وجہ سے وہ فٹ پاتھ اور ایک چھوٹی کشتی سے جا ٹکرایا۔

دوسری جانب ہنگامی ورکرز نے بتایا ہے کہ کروز شپ بے قابو ہو گیا تھا۔

کروز شپ کے حادثے کی وڈیو ریکارڈنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ جہاز اپنی رفتار پر روک لگانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ اس کے نتیجے میں جہاز طاقت کے ساتھ پہلے ایک چھوٹی کشتی سے اور پھر پختہ فرش سے ٹکرا گیا۔ اس موقع پر وہاں موجود درجنوں افراد میں ہلچل مچ گئی اور وہ افراتفری کے عالم میں اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگنے لگے۔

اطالیہ کا شہر وینس سیاحوں اور کروز شپس کے لیے انتہائی پرکشش مقامات میں سے ہے۔

گذشتہ ہفتے ہنگری کے شہر بداپسٹ کے دریا میں ایک کروز شپ ایک اسٹیم شپ کے ساتھ ٹکرا گیا۔ اس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 21 لا پتہ ہو گئے۔ بعد ازاں لا پتہ افراد بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل کر دیے گئے۔