.

بحرین : اعلیٰ اپیل عدالت کا 92 افرادکی شہریت کی تنسیخ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کا حکم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بحرین کی ایک اعلیٰ اپیل عدالت نے 90 افراد کی شہریت منسوخ کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔قبل ازیں ایک ماتحت عدالت نے ’’بحرینی حزب اللہ ‘‘ کے نام سے دہشت گرد گروپ تشکیل دینے کے الزام میں ان افراد کی شہریت منسوخ کردی تھی۔

اس ماتحت عدالت نے اس کیس میں ماخوذ 69 مدعا علیہان کو عمر قید ، 39 کو 10 سال اور 23 کو سات سال ، ایک کو پانچ سال اور چھے کو تین ، تین سال قید کی سزا کا حکم دیا تھا ۔تیس افراد کو ان پر عاید الزامات سے برّی کردیا گیا تھا۔ اس عدالت نے مجموعی طور پر 138 ملزموں کی قومیت ضبط کرنے کا فیصلہ سنا یا تھا۔

گذشتہ سال ستمبر میں بحرین کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا تھا کہ اس کو نظامت برائے تفتیش ِجرائم ( سی آئی ڈی) کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کے ایک سیل کی تشکیل سے متعلق رپورٹ موصول ہوئی تھی۔

یہ گروپ ایرانی نظام کے لیڈروں کے ایما پر تشکیل دیا گیا تھا اور انھوں ہی نے ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کو مختلف دہشت گرد دھڑوں کے عناصر کو اکٹھا کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ وہ بحرین میں دہشت گردی کے حملے کر سکیں۔