.

سعودی شہر عسیراور جازان تباہی سے بچ گئے، حوثیوں کے بھیجے ڈرونز تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کی آئینی حکومت کی رٹ کی بحالی میں مصروف عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کے بھیجے گئے بموں سے لیس بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کو فضا ہی میں تباہ کر دیا ہے۔ ڈرون طیارہ مملکت کے عسیر ریجن میں شہری آبادی کی جانب بھیجا گیا تھا۔

عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی فورسز نے عسیر ریجن کی جانب آنے والے ڈرون طیارے کا مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی شب 11:45 بجے سراغ لگا لیا تھا۔

سعودی فورسز نے حوثیوں کا عسیر کی فضائی حدود میں یہ دوسرا ڈرون تباہ کیا ہے۔ اس سے قبل مملکت کی یمن کے ساتھ جنوبی سرحد پر واقع جازان شہر کی سمت بھیجا گیا حوثی ملیشیا کا ڈرون اتحادی فوج نے مار گرایا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا:’’حوثی دہشت گرد سعودی عرب کے مختلف شہروں میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے ڈرون طیارے بھیج رہے ہیں۔ ان کا ہدف شہری علاقوں میں عوامی مقامات ہوتے ہیں۔ آج تک ارسال کردہ ان ڈرون کی کوئی بھی معاندانہ کارروائی کامیاب نہیں ہو سکی۔‘‘