.

ابھا ہوائی اڈے پر حوثی حملہ، امریکا کی شدید مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا نے ایک اخباری بیان میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے ابھا ہوائی اڈے پر حملے کی مذمت کی ہے۔

منگل کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق ’’امریکا ایران نواز حوثیوں کے سعودی عرب کے شہر ابھا میں ہوائی اڈے پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ تین ہفتوں سے بھی کم مدت کے دوران حوثیوں کا سعودی عرب پر یہ تیسرا حملہ ہے۔‘‘

سعودی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے بتایا تھا کہ مذکورہ حملے میں نو افراد زخمی ہوئے۔

بیان کے مطابق ’’یہ حملے متعدد افراد کی زندگیوں کے لئے خطرہ ہیں جبکہ اس کی زد میں آ کر معصوم شہری زخمی ہو رہے ہیں۔ ہم ان پرتشدد اقدامات کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات یمن کے بحران کو پیچیدہ اور اعتماد کی فضا کو خراب کر رہے ہیں۔‘‘

امریکی دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’’حوثیوں کی جانب سے مسلسل خطرات کے پیش نظر واشنگٹن سرحدوں کے دفاع میں مکمل طور پر سعودی شرکاء کے ساتھ کھڑا ہے۔

بیان میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ حوثی ایسے حملوں کے لئے ایرانی ساختہ ہتھیاروں اور ٹکنالوجی پر انحصار کرتے ہیں۔

امریکی بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یمن کے تنازع کے خاتمے اور سیاسی حل کے لئے تمام فریق یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کے ساتھ مل کر کام کریں۔