.

امریکی ریپر نِکی مناج سعودی عرب میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی ریپر نِکی مناج اسی ماہ سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔

جدہ میں منعقد ہونے والے ثقافتی میلے کے منتظمین نے ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ نِکی مناج 18 جولائی کو اپنے فن کا جادو جگائیں گی اور ان کا پروگرام ایم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس میں برطانوی موسیقار لیام پین اور امریکی ڈی جے اسٹیو اوکی بھی فن کا مظاہرہ کریں گے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حالیہ برسوں میں اصلاحات کے نتیجے میں مملکت میں سینما گھر کھل رہے ہیں ، کنسرٹس اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہورہا ہے اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فن کار اور گلوکار اپنے فن کے مظاہرے کے لیے سعودی عرب آرہے ہیں۔

نِکی مناج کی سعودی عرب میں آمد کی خبر کا سوشل میڈیا پر خوب خیرمقدم کیا گیا ہے۔ٹویٹر پر ایک صارف نے مناج کی ایک تصویر پوسٹ کی ہے اور ساتھ میں لکھا ہے کہ ’’ میرا خواب پورا ہوگیا‘‘۔لیکن قدامت پسند حلقوں نے اس پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار بھی کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے پروگراموں سے ملک میں فحاشی کو فروغ ملے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی آیندہ ایک عشرے کے دوران میں تفریحی شعبے میں 64 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔