.

ٹویٹر سروس ایک گھنٹہ معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہو گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سماجی رابطوں کی مقبول عام مائیکر بلاگنگ سائٹ ’ٹویٹر‘ کی سروس پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک گھنٹے سے زیادہ بند ہونے کے بعد بحال ہو گئی۔

ٹویٹر کے ایک ترجمان کے مطابق سروس کی معطلی کی وجہ ’انٹرنل کنفیگوریشن چینج‘ تھا۔ ترجمان نے سروس کی بحالی کی تصدیق کی۔

دوسری جانب ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹیو جیک ڈارسی نے اپنے ٹویٹراکاؤونٹ پر لکھا کہ ’ہم بند تھے اور آہستہ سے واپس آ رہے ہیں۔ سوری! میں سروس کی بحالی پر اپنی انجینئرنگ اور آپریشن ٹیموں کا مشکور ہوں۔‘

اس سے پہلے دنیا بھر میں ٹویٹر کی سروس معطل ہو گئ تھی اور صارفین کو ٹویٹر کی سائٹ تک رسائی میں مشکلات پیش آ رہی تھی۔

Down Detectorکے مطابق صارفین نے 11 بج کر 46 منٹ کے قریب ٹویٹر ویب سائٹ تک رسائی میں مشکلات رپوٹ کرنا شروع کر دیں۔ سائٹ کے مطابق مختصر مدت میں ایک لاکھ سے زائد صارفین نے معاملے کو رپورٹ کیا۔

Down Detector کے مطابق سروس کی معطلی کے بعد ٹویٹر کی سائٹ پر’ایرر پیج‘ دکھائی دے رہا تھا اور جب سائٹ تک رسائی کی کوشش کی جاتی تھی تو لکھا ہوا آرہا تھا کہ ’کچھ تکنیکی خرابی ہے‘۔

خیال رہے اس ماہ کے شروع میں سوشل میڈیا سائٹ فیس بک کی سروس بھی کئی گھنٹے تعطل کا شکار ہوگئی تھی۔ اس وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ سروس میں تعطل مینٹیننس آپریشن میں گڑبڑ کی وجہ سے آیا۔