.

کینیڈا سے آسٹریلیا جانے والے طیارے کو شدید ہچکولوں کا سامنا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کینیڈا کی فضائی کمپنی Air Canada کے مطابق جمعرات کے روز اس کی ایک پرواز نے شدید ہچکولوں کے سبب اپنا رخ تبدیل کر کے ہوائی کی جانب کر لیا۔ فضائی ہچکولے کھانے کے نتیجے میں تین درجن کے قریب مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

کمپنی کے مطابق بوئنگ 777 ماڈل کے طیارے میں 269 مسافر اور عملے کے 15 افراد سوار تھے۔ یہ پرواز کینیڈا کے شہر وینکوور سے آسٹریلیا کے شہر سڈنی جا رہی تھی۔ اس دوران ہوائی کی فضائی حدود عبور کرنے کے 2 گھنٹے بعد طیارے کو اچانک شدید اور غیر متوقع ہچکولوں کا سامنا کرنا پڑا۔ طیارے کا رخ ہونولولو کی جانب کر دیا گیا جہاں وہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12:45 پر اتر گیا۔

ایئر کینیڈا کمپنی کی ترجمان نے جمعے کے روز ایک ای میل بیان میں بتایا کہ 37 مسافروں کو مقامی ہسپتالوں میں پہنچایا گیا۔ طبی معائنے کے بعد زیادہ تر مسافروں کو فارغ کر دیا گیا جب کہ 9 مسافروں کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔