.

چین: گیس فیکٹری میں دھماکا، 10 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چین میں حکام نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ کے ملک کے وسطی علاقے میں گیس کے ایک پلانٹ میں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 10 تک پہنچ گئی۔

چین کے شہر سن مینسیا کے حکام کے مطابق حادثے میں 19 افراد زخمی اور 5 لا پتہ ہو گئے۔ زخمیوں میں پانچ کی حالت نازک ہے۔

چین میں سرکاری میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق یہ دھماکا جمعے کی شام ییما شہر میں واقع گیس کی فیکٹری میں ہوا۔ دھماکا اتنا زور دار تھا کہ 3 کلو میٹر کی دوری پر واقع عمارتوں کی کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے۔

مرکزی حکومت کی جانب سے فیکٹریوں، پاور اسٹیشنوں اور کانوں میں سلامتی کی صورت حال بہتر بنانے سے متعلق ہدایات کے باوجود چین کے صنعتی سیکٹر میں بار بار حادثات پیش آ رہے ہیں۔

مارچ میں مشرقی صوبے ژیانگ زو میں کیمیائی مواد کی ایک فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 60 سے زیادہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

اس سلسلے کا ایک بدترین حادثہ 2015 میں ساحلی شہر تیان ژن میں پیش آیا تھا جب کیمیائی مواد کے ایک گودام میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 173 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں اکثریت فائر بریگیڈ اور پولیس کے اہل کاروں کی تھی۔