.

سوڈان : عمر البشیر کو والدہ کے جنازے میں شرکت کی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈان میں حکام نے معزول صدر عمر البشیر اور ان کے بھائی کو اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کی اجازت دے دی۔

سابق صدر کی والدہ ہدیہ محمد دین طویل علالت کے بعد پیر کے روز ملٹری ہسپتال میں خالق حقیقی سے جا ملی تھیں۔

اس سلسلے میں سابقہ حکومت کے خلاف سرگرم عوامی تحریک کے کارکنان نے مطالبہ کیا تھا کہ عمر البشیر اور ان کے بھائی کو اپنی والدہ کے جنازے اور تدفین میں شرکت کی اجازت دی جائے۔ ان کارکنان نے فیس بک پر اپنی پوسٹوں میں لکھا کہ کوبر جیل میں گرفتار سابق صدر کو ان کی والدہ کے جنازے میں شرکت کرنے دی جائے جب کہ عمر البشیر اپنے مخالفین کے ساتھ اس کے برعکس معاملہ کرتے تھے۔

مقامی اخبار "السودانی" سے گفتگو کرنے والے ذرائع نے بتایا کہ "عمر البشیر جو اپنے بھائی عبداللہ اور سابق وزیر دفاع عبد الرحيم محمد حسين محب کے ساتھ جیل سے باہر آئے ، انہوں نے پولیس کی بھاری نفری کے بیچ اپنی والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ مرحومہ کی تدفین الخرطوم بحری کے حمد قربستان میں عمل میں آئی۔