.

یمن: الحدیدہ میں صنعتی تنصیب پر ایک بار پھر حوثیوں کی بم باری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں حوثی ملیشیا نے جمعے کے روز ایک بار پھر الحدیدہ شہر کے اندر "اخوان ثابت صنعتی اور تجارتی کمپلیکس" کو نشانہ بنایا۔ ایک ہفتے کے اندر یہ اپنی نوعیت کی دوسری مجرمانہ کارروائی ہے۔

کمپلیکس میں کام کرنے والے افراد نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے شدید گولہ باری کے نتیجے میں کاغذ بنانے والی ایک فیکٹری کے گودام کو براہ راست نقصان پہنچا اور وہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا۔ کمپلیکس میں متعلقہ اہل کاروں نے آگ بجھانے کی کوشش کی مگر وہ بے فائدہ رہی۔

اس سلسلے میں مشترکہ یمنی فورسز کے عسکری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا نے ایک بار پھر اخوان ثابت کمپلیکس میں کاغذ کی فیکٹری کو نشانہ بنایا۔ اس سے پہلے حوثیوں نے فیکٹری میں پروڈکشن لائن کو نشانہ بنایا تھا۔ عسکری میڈیا کے مطابق اس بار حوثی ملیشیا نے کاغذ کے گودام کو مارٹر گرینیڈز کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے سبب گودام میں آگ لگ گئی اور وہاں موجود تمام اشیاء جل کر راکھ ہو گئیں۔

علاوہ ازیں حوثی ملیشیا کی جانب سے مارٹر گولوں اور مختلف بھاری ہتھیاروں سے کیے جانے والے حملے نے الحدیدہ شہر میں شارع صنعاء پر رہائشی علاقوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ اس کے نتیجے میں شہریوں کے گھروں اور املاک کو مزید نقصان پہنچا۔

چند روز قبل حوثی ملیشیا نے ایک مجرمانہ کارروائی کا ارتکاب کرتے ہوئے ایک ڈیری فیکٹری کو تباہ کر دیا تھا۔