.

ناقابل یقین: فضائی ٹکٹوں کی قیمت صرف 15 ڈالر !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

رواں موسم گرما میں یورپ میں اندرونی پروازوں کے کم قیمت ٹکٹ لوگوں کے لیے پُر کشش ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان ٹکٹوں کی قیمت 15 ڈالر سے شروع ہو کر ایئر پورٹ پر 200 ڈالر تک جا پہنچتی ہے۔ لہذا بہتر ہے کہ سامان الاؤنس کو انٹرنیٹ کے ذریعے حاصل کر لیا جائے اور بورڈنگ پاس کا پرنٹ آؤٹ بھی پہلے نکال لیا جائے۔ اس لیے کہ بعد ازاں آپ اپنی بیگم کے برابر سیٹ بک کرانے پر یا طیارے میں کوئی چھوٹا بیگ لے جانے کے لیے 100 ڈالر سے زیادہ کی اضافی رقم اور ایئرپورٹ پر بورڈنگ پاس لینے کے لیے 24 ڈالر کی ادائیگی پر مجبور ہو سکتے ہیں۔

گذشتہ ماہ ٹویٹر پر ایک وڈیو پوسٹ کی گئی تھی جو فرانس کے شہر نیس کے ایئرپورٹ پر موجود مسافر "جان ایروِن" کی تھی۔ جان کو بتایا گیا کہ اس کا بیگ بھاری ہے اور اسے اضافی رقم کی ادائیگی کے بعد بیگ کو جہاز میں کارگو کرنا ہو گا۔ اس پر جان نے بیگ کا وزن کم کرنے کے واسطے اس میں سے 15 شرٹس نکال کر خود پہن لیں۔

اسی طرح رواں سال اپریل میں نتالی وین نامی خاتون نے 4 کلوگرام زائد وزن پر 80 ڈالر کی اضافی رقم کی ادائیگی سے بچنے کے لیے تھامس کُک ایئرلائن کے طیارے میں سوار ہونے سے پہلے دل چسپ کام کیا۔ خاتون نے سات میکسیاں، جوتوں کے دو جوڑے، ٹراؤزر کی جوڑی، ایک اسکرٹ اور ایک جیکٹ پہن لی۔

یہ اضافی ٹیکسز فضائی کمپنیوں کی آمدنی کا تقریبا ایک تہائی حصہ ہوتے ہیں۔

آئرلینڈ کی کم خرچ فضائی کمپنی Ryan air نے گذشتہ برس اضافی فروخت کے ذریعے 2.8 ارب ڈالر کے قریب کمائے تھے۔ یہ کمپنی کی کُل آمدن کا 28% تھا۔ ہنگری کی فضائی کمپنیWizz Air کی آمدنی میں یہ تناسب 42% تک جا پہنچا۔ اسی طرح EasyJet فضائی کمپنی نے اضافی رقم کی صورت میں 1.2 ارب ڈالر کمائے جو اس کی کُل آمدنی کا 19% بنتا ہے۔