.

رواں سال کی پہلی شش ماہی میں سعودی ارامکو کا منافع 47 ارب ڈالر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سعودی "ارامكو" نے رواں سال کی پہلی شش ماہی میں 46.9 ارب ڈالر کا منافع حاصل کیا ہے۔ گذشتہ برس اسی عرصے کے دوران حاصل ہونے والے منافع کا حجم 53.02 ارب ڈالر تھا۔

پہلی شش ماہی میں ریونیو اور فروخت سے متعلق دیگر آمدنی کا حجم 163.88 ارب ڈالر رہا۔ گزشتہ برس اسی عرصے میں مذکورہ حجم 167.68 ارب ڈالر تھا۔

ارامکو کے مطابق پہلی شش ماہی میں ٹیکس سے قبل آمدنی 98.49 ارب ڈالر رہی۔ اس کے مقابلے میں گذشتہ برس قبل از ٹیکس آمدنی 101.23 ارب ڈالر تھی۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ خام تیل کی قیمتِ فروخت میں اوسطا 4% کی کمی اور اخراجات میں اضافے کے سبب پہلی شش ماہی کی خالص آمدنی پر منفی اثر پڑا۔

رواں سال کی پہلی شش ماہی میں خام تیل کی پیداوار یومیہ 1 کروڑ بیرل رہی جو کہ گذشتہ برس اسی عرصے کے دوران تیل کی یومیہ پیداوار کے برابر ہے۔

مذکورہ نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے سعودی ارامکو کے چیف ایگزیکٹو امین الناصر نے کہا کہ "سال 2019 کی پہلی شش ماہی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ہم نے مضبوط نقد منافع کو یقینی بنانے کا سلسلہ جاری رکھا"۔

دوسری جانب ارامکو کمپنی نے 2019 کی پہلی شش ماہی میں شیئر ہولڈرز میں 48% کیش ڈیویڈنڈ تقسیم کیا جس کا مجموعی حجم 49.39 ارب ڈالر ہے۔ اس کے مقابل گذشتہ برس تقسیم ہونے والے کیش ڈیویڈنڈ کی مجموعی رقم 32 ارب ڈالر تھی۔