.

سوڈان : نئی حکومت کے ارکان کا اعلان آج متوقع ، عوام کی نظریں وزیراعظم حمدوک پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈان میں آج بدھ کے روز عبوری حکومت کے وزیراعظم عبداللہ حمدوک کی جانب سے اپنی حکومت کے ارکان کے اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل اپوزیشن کی فریڈم اینڈ چینج فورسز نے اعلان کیا تھا کہ اس نے اپنے نامزد وزراء کی فہرست حمدوک کے حوالے کر دی ہے۔

سوڈان میں العربیہ کی خاتون نامہ نگار نے بدھ کے روز واضح کیا ہے کہ اگرچہ حکومتی ارکان کے ناموں کا اعلان آج متوقع ہے تاہم ہو سکتا ہے کہ یہ رات گئے یا پھر کل صبح عمل میں آئے۔ بالخصوص جب کہ حمدوک کو اپنے حوالے کیے جانے والے نامزد امیدواروں کے ناموں پر بعض تحفظات بھی ہیں۔

تیس برس تک عمر البشیر کی حکم رانی کے بعد اب سوڈانیوں کی نظرین نئی جنم لینے والی حکومت پر مرکوز ہیں۔ فریڈم اینڈ چینج فورسز نے 19 گھنٹوں کے اجلاس کے بعد ناموں میں رد و بدل کے بعد 14 وزارتوں اور 4 کونسلوں کے لیے اپنے ارکان کے ناموں کا انتخاب کیا۔

حمدوک نے گذشتہ بدھ (21 اگست) کو سوڈان میں نئی عبوری حکومت کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے جمعرات کے روز حزب الامہ پارٹی کے سربراہ الصادق المہدی اور فریڈم اینڈ چینج فورسز کی قیادت کے ساتھ مشاورتی ملاقات کی۔