.

یمنی فوج نے حرض میں 15 کلو میٹر کا علاقہ آزاد کرا لیا، 9 حوثی باغی گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں عسکری ذریعے نے بتایا ہے کہ حجہ صوبے کے شمالی شہر حرض کے بیرونی اطراف یمنی فوج اور باغی حوثی ملیشیا کے بیچ مسلسل دوسرے روز ہونے والی شدید لڑائی کے بعد تقریبا 15 کلو میٹر کا علاقہ آزاد کرا لیا۔ اس میں بنی ہلال، الراکب اور العسیلہ کے علاوہ دیگر دیہات بھی شامل ہیں۔

مذکورہ ذریعے نے جمعے کے روز اس امر کی تصدیق کی کہ یمنی فوج حرض شہر سے صرف ایک کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

یمنی فوج کے فِفتھ ملٹری زون کے میڈیا سینٹر کے مطابق مسلسل دوسرے روز ہونے والی شدید لڑائی کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ اس دوران حوثی ملیشیا کے متعدد ارکان ہلاک اور زخمی ہوئے جب کہ 9 باغی حوثیوں کو قیدی بنا لیا گیا۔

میڈیا سینٹر نے ایک وڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں حرض شہر کے بیرونی اطراف حوثی ملیشیا کے ساتھ لڑائی اور معرکے کے دوران قیدی بنائے گئے حوثی جنگجوؤں کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

یمنی فوج اس وقت حرض شہر کو آزاد کرانے کے لیے عسکری آپریشن میں مصروف ہے۔ آپریشن میں اسے یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے اتحاد کی فورسز کی معاونت حاصل ہے۔