.

حوثی ملیشیا کا داغا میزائل صعدہ میں گر کر تباہ : عرب اتحاد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے بیلسٹک میزائل داغنے اور بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے چھوڑنے کا عمل تیز کردیا ہے۔انھوں نے بدھ کے روز شمالی صوبے صعدہ سے ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے اور وہ اسی گورنری میں جا گرا ہے۔

حوثی ملیشیا نے گذشتہ روز سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر خمیس مشیط کی جانب ایک بغیر پائیلٹ جاسوس طیارہ بھیجا تھا۔انھوں نے نے یہ ڈرون صوبہ عمران سے چھوڑا تھا مگر عرب اتحاد نے اس کو کسی ہدف پر گرنے سے پہلے ہی مارگرایا ہے۔

عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کی حملوں کے لیے ڈرونز بھیجنے کی کوششیں اسی طرح ناکامی سے دوچار ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’عرب اتحاد ان بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں کے خلاف جوابی کارروائی میں شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے تمام آپریشنل طریق کار کو اختیار کررہا ہے۔‘‘