.

سوڈان : عبداللہ حمدوک کی حکومت کا سرکاری اعلان آج متوقع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈان میں اپوزیشن کی جماعت "فریڈم اینڈ چینج" کے رہ نما نور الدین صلاح الدین کا کہنا ہے کہ سوڈانی حکومت کی تشکیل میں باقی ماندہ تین وزارتوں کے حوالے سے بھی اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

جمعرات کے روز نور الدین نے بتایا کہ محمد طاہر کو انفرا اسٹرکچر کی وزارت، معتصم محمود جلب کو حیوانی وسائل کی وزارت اور یوسف آدم الضی کو وفاقی حکومت کے امور کی وزارت سونپی جائے گی۔

انہوں نے واجح کیا کہ وزیراعظم خود مختار کونسل کے ساتھ ایک اجلاس میں نامزد امیدواروں کی حتمی فہرست پیش کریں گے۔

نور الدین نے توقع ظاہر کی ہے کہ سوڈان کی نئی حکومت کا سرکاری طور پر اعلان آج کر دیا جائے گا۔

سوڈان کی نئی حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں کئی روز سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم عبداللہ حمدوک کے مطابق نئی حکومت میں وزارتوں کے قلم دان سنبھالنے کے لیے کئی خواتین کے نام بھی شامل ہیں۔

سوڈان میں "فریڈم اینڈ چینج" فورسز منگل کے روز عبوری مرحلے کے لیے مختلف وزراء کے ناموں پر آمادہ ہو گئی۔ بعد ازاں وزراء کی فہرست وزیراعظم کو پیش کر دی گئی۔

سوڈان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزارت خارجہ کا قلم دان ایک خاتون اسماء عبداللہ کے حوالے کیا گیا ہے۔ وہ ماضی میں سفارت کار کے طور پر فرائض انجام دے چکی ہیں۔ حکومتی تشکیل میں تین مزید خواتین شامل ہیں۔ ان کے نام انتصار الزین صغیرون (وزارت ہائر ایجوکیشن)، لینا الشیخ (وزارت سماجی بہبود) اور ولاء البوشی (نوجوانوں اور کھیلوں کی وزارت) ہیں۔