.

چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے دورہ بھارت منسوخ کردیا، جانئے کیوں!

اعلیٰ چینی عہدیدار نے 9 ستمبر کو قومی سلامتی کے بھارتی مشیر سے ملاقات کرنا تھا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ہندوستان کے زیر انتظام جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر نئی دہلی کا اپنا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای کو رواں ماہ کی 9 تاریخ کو نئی دہلی پہنچنا تھا جہاں انہیں بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوول سے ملاقات کرنا تھی۔

چینی وزیر خارجہ کے بھارت کے ساتھ سرحدی تنازعات کے حوالے سے مذاکرات ہونے تھے لیکن اب چینی وزیر خارجہ نے کشمیر کی صورتحال کے باعث بھارت کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔

بھارت کی جانب سے چینی وزیرخارجہ کے دورے کے حوالے سے نئی تاریخ طے کرنے کی سر توڑ کوششیں تاحال کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

یاد رہے کہ چین نے بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت بدلنے کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے پاکستان کی حمایت کی تھی۔

خیال رہے کہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے 31 ویں روز بھی مسلسل لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، بچوں کے دودھ، جان بچانے والی داؤوں اور اشیائے ضرورت کی شدید قلت ہے۔

قابض بھارتی فوج نے مواصلات کا نظام بھی بالکل منقطع کررکھا ہے۔ مقبوضہ وادی میں ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروس بالکل بند ہے۔