.

’’نیٹ فلیکس‘‘ پر سعودی ڈراما سیریل کی ہیروئن مروہ سے ملیے!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

’’میں ہمیشہ ایسے سکرپٹ کی تلاش میں رہتی ہوں، جو مجھے حقیقی معنوں میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر ابھارے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار مروہ محمد نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مروہ محمد ’’تعطیلات‘‘ نامی سعودی ڈراما سیریل میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔ یہ سیریل ’’نیٹ فلیکس‘‘ پر رواں سال اکتوبر میں پیش کی جائے گی۔

سیریل میں مروہ سمیت ترکی الیوسف، اسیل عمران اورعبدالعزیز الفریحی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ مروہ کے بقول یہ ڈراما سیریل ’’ایکشن سے بھرپور‘‘ ہو گی۔ یہ ایک شکی مزاج شخص کی کہانی ہے، جسے ہر لمحہ دھڑکا لگا رہتا ہے کہ اس کے اردگرد لوگ سازشیں کرتے ہیں۔ وہ ان سے انتقام لینے کی ٹھان لیتا ہے۔‘‘ مروہ کے مطابق سیریل کی کہانی انتہائی دلچسپ ہے، جس میں جگہ جگہ دلچسپی کا سامان موجود ہے۔ سیریل کے پروڈیوسر ایاد الخزوز، ڈائریکٹر محمد لطفی اور نگران سلطان النفیسہ ہیں۔

سیریل اعلیٰ درجے کی سینیماٹوگرافی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سعودی فنکارہ مروہ نے بتایا کہ اس ڈرامے میں انھوں نے انتہائی پیشہ ور اور خوبصورت ٹیم کے ساتھ کام کیا۔ سیریل کا سکرپٹ، ہدایت کاری، پیش کش اور اس میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے تمام فنکار ہی اپنی مثال آپ تھے۔‘‘

مروہ سمجھتی ہیں کہ سعودی فنکارہ کل سے بہت مختلف ہیں۔ اب انھیں اپنے فنکارانہ جوہر دکھانے کے بہتر مواقع میسر ہیں اور سعودی اداکارؤں کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہی وجہ ہے فیلڈ میں ہمیں سعودی فنکارائیں دکھائی دیتی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کے اختتام میں مروہ نے امید ظاہر کی کہ فن اداکاری کو تعلیمی اداروں بالخصوص جامعات میں بطور نصاب جلد شامل کر لیا جائے گا۔

مروہ ڈراموں میں کام کرنا پسند کرتی ہیں، تاہم ایک مدت تک کسی ڈرامے میں کام نہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس دوران کوئی ایسا سکرپٹ نہ ملا، جو مناسب ہو، میں ہمیشہ ایسے سکرپٹ کی تلاش میں رہتی ہوں جو کچھ کرنے پر ابھارے، چاہے وہ سکرپٹ فلمی ہو یا کسی ڈرامے کا۔ میں اچھے موقع کی تاک میں رہتی ہوں۔ میں صرف سکرین پر نظر آنے کے لئے اداکاری نہیں کرنا چاہتی اور نہ ہی سوشل میڈیا پر۔

میں فلمی دنیا میں اداکاری کے جوہر دکھانے کی خاطر کسی اچھے سکرپٹ کے انتظار میں ہوں۔ ایسا سکرپٹ جو 2017 سے شروع ہونے والی میری فنی زندگی میں نیا اضافہ ثابت ہو۔ میں فنون لطیفہ کے ہر شعبے میں ہونے والی ترقی دیکھ کر خوش ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ اچھا سکرپٹ لکھا جائے، جس میں جدت اور نیا پن ہو تاکہ اداکاروں کو بہتر طور پر اپنے فنکارانہ جوہر دکھانے کا موقع مل سکے۔