.

لیبیا کی فوج کے معیتیقیہ اور مصراتہ ہوائی اڈوں پر حملے ، ترکی کے ڈرون کے ٹھکانے تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا میں (جنرل حفتر کی) قومی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کی فورسز نے معیتیقیہ اور مصراتہ کے دو ہوائی اڈوں پر بعض مقامات کو تباہ کر دیا ہے۔

لیبیا کی فوج کے سرکاری ترجمان میجر جنرل احمد المسماری کے مطابق کارروائی کے دوران مختلف مقامات کو بم باری کا نشانہ بنایا گیا جو ترکی کے ڈرون طیاروں کی تیاری اور ان کو ذخیرہ کرنے کے واسطے استعمال ہو رہے تھے۔ اس سے قبل فوج کے انٹیلی جنس اداروں نے معیتیقہ اور مصراتہ کے ہوائی اڈوں پر ان مقامات کا پتہ چلایا تھا۔

المسماری نے مزید بتایا کہ لیبیا کی مسلح افواج کی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے ذریعے اس خطرے سے نمٹا گیا۔

لیبیا کی فوج کے مطابق فضائی مہم نے درست طور پر اپنے اہداف کو پورا کر لیا اور لڑاکا طیارے کامیابی کے ساتھ کارروائی مکمل کرنے کے بعد بحفاظت اپنے اڈدوں پر لوٹ آئے۔

یاد رہے کہ دارالحکومت طرابلس میں معیتیقیہ کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ دو ہفتے قبل اُس وقت بند کر دیا گیا تھا جب اسے میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوئے جب کہ ایک مسافر طیارے اور ہوائی اڈے کے رن وے کو نقصان پہنچا تھا۔