.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سے روسی صدر کی ملاقات،دونوں ممالک میں تعاون کے فروغ کا عزم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روسی صدر ولادی میر پوتین نے الریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے ۔انھوں نے بات چیت کے دوران میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے روسی صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون سے استحکام کے حصول میں مدد ملے گی۔صدر پوتین نے کہا کہ روس اور سعودی عرب خطے اور دنیا میں تنازعات کے حل کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔

دونوں لیڈروں نے یمن کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور سعودی ولی عہد نے روس کی جانب سے یمن کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور وہاں جاری بحران کے سیاسی حل کے لیے حمایت کو سراہا۔

دریں اثناء سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی بیس یادداشتوں پر دست خطوں کا اعلان کیا ہے۔ان پر الریاض میں منعقدہ سعودی ، روسی فورم کے دوران میں دونوں ملکوں کے حکام نے دست خط کیے ہیں۔تاہم ان سمجھوتوں کی کل مالیت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

سعودی اور روسی حکام کے مطابق ان سمجھوتوں کے تحت دونوں ممالک توانائی ، خلائی سائنس ، مصنوعی ذہانت اور پیٹرو کیمیکلز کے شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔