.

روسی صدر ولادی میر پوتین سعودی عرب کے دورے کے بعد ابو ظبی پہنچ گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روس کے صدر ولادی میر پوتین سعودی عرب کے دورے کے بعد منگل کے روزمتحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی پہنچ گئے ہیں۔

ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے روسی صدر کا ہوائی اڈے پر خیر مقدم کیا۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ روسی صدر کا دورہ یواے ای اور روس کے درمیان مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔ہم اپنی دونوں اقوام کے باہمی مفاد میں تمام سطحو ں پران تعلقات کو مشترکہ طور پر مزید فروغ دیں گے۔‘‘

صدر پوتین یو اے ای کی قیادت سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ،اہم علاقائی امور اور سرمایہ کاری کے مشترکہ منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر پوتین ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے خطے کی جغرافیائی سیاسی صورت حال ،جوہری توانائی کے شعبے میں مستقبل میں تعاون اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے موضوعات پر بات چیت کریں گے۔

روس کے خود مختار دولت فنڈ (آر ڈی آئی ایف) نے آج ہی ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کی مبادلہ انوسٹمنٹ کمپنی سمیت مختلف شراکت داروں کے ساتھ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر مالیت کے 10 سمجھوتوں پر دست خط کرے گا۔

اس سے پہلے آرڈی آئی ایف نے یو اے ای کے خودمختار فنڈ کے ساتھ مل کر 45 منصوبوں میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔