.

یورپی یونین نے بریگزٹ ڈیل کی منظوری دے دی ، اطلاق یکم نومبرسے ہوگا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یورپی یونین کی کونسل نے برطانیہ کے تنظیم سے اخراج ( بریگزٹ) کی منظوری دے دی ہے اور یکم نومبر کو اس کے اطلاق سے اتفاق کیا ہے۔

یورپی یونین کی کونسل کے صد ر ڈونلڈ ٹسک نے برسلز میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’’تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان ریاست اور حکومت نے اجلاس میں اس بریگزٹ ڈیل کی توثیق کردی ہے اور ہم اس کو حتمی شکل دینے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں۔‘‘

اس اجلاس میں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھی شریک تھے ۔انھوں نے کہا کہ ’’ہم ایک عظیم نئی بریگزٹ ڈیل میں کامیاب ہوگئے ہیں۔‘‘ بورس جانسن کو اب اس ڈیل کو برطانوی پارلیمان سے منظور کرانا ہوگا۔

توقع ہے کہ برطانوی دارالعوام میں ہفتے کے روز ایک غیر معمولی اجلاس میں اس ڈیل پر رائے شماری ہوگی اور اس کی منظوری کی صورت میں 31 اکتوبر تک برطانیہ کا یورپی یونین سے اخراج ہوجائے گا۔برطانوی و زیر اعظم نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ بریگزٹ کو جلد پایہ تکمیل کو پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ ملک کو درپیش دوسرے مسائل پر توجہ مرکوز کی جاسکے۔

یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلاڈ جنکر نے برطانیہ کے تنظیم سے اخراج کے لیے اس نئے سمجھوتے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے ’’جہاں چاہ ، وہاں راہ‘ کے مصداق جہاں عزم ہوتا ہے وہاں ڈیل بھی ہوجاتی ہے۔ہم سب ایک ہیں۔یہ یورپی یونین اور برطانیہ کے لیے ایک متوازن اور شفاف سمجھوتا ہے اور یہ مسئلے کے حل کی تلاش کے لیے ہمارے عزم کا بھی ثبوت ہے۔‘‘