.

لیبیا : طرابلس کے نواح میں وفاق کے عسکری کیمپوں پر حفتر کی فوج کے حملے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا میں (فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر کی) قومی فوج کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کے روز دارالحکومت طرابلس کے نواحی علاقوں میں وفاق کی حکومت کی فورسز کے کئی ٹھکانوں اور کیمپوں کو پے در پے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ یہ بات قومی فوج کے ایک ذمے دار بریگیڈیئر جنرل خالد المحجوب نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتائی۔

المحجوب کے مطابق فضائیہ کے طیاروں نے عین زارہ اور السبیعہ کے درمیان واقع علاقے مشروع الموز اور العزیزیہ میں مسلح ملیشیاؤں کے جتھوں پر شدید حملے کیے۔ علاوہ ازیں باب تاجوراء ملیشیا کے ہیڈ کوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس مرکز کے اندر معرکے کا آپریشنز روم واقع ہے۔ حملے کے نتیجے میں ملیشیا کے کئی ارکان ہلاک ہو گئے اور وہاں موجود گولہ بارود کا ذخیرہ تباہ ہو گیا۔

اس سے قبل بدھ کے روز قومی فوج کے سرکاری ترجمان احمد المسماری نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ فضائیہ کے طیاروں اور بھاری توپوں نے عین زارہ میں گولہ بارود کے ڈپوؤں کو نشانہ بنایا۔ المسماری کے مطابق مسلح ملیشیاؤں کی 3 گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا۔ لڑاکا طیاروں نے صرمان میں المحمیہ کے علاقے میں ایک اہم ہدف کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وفاق کی حکومتی فورسز کے 21 ارکان مارے گئے۔