.

برطانیہ : ٹرک کنٹینرمیں 39 افراد مردہ پائے گئے، ڈرائیور گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانیہ کے علاقے ایسکس میں ٹرک کے ایک کنٹینر میں 39 افراد مردہ پائے گئے ہیں۔برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ٹرک بلغاریہ سے آیا تھا اور اس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایسکس پولیس نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے:’’ یہ ایک الم ناک واقعہ ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔‘‘ پولیس کے مطابق یہ ٹرک لندن کے مشرق میں واقع علاقے گریز میں ایک صنعتی پارک میں کھڑا پایا گیا ہے اور وہیں اس میں موجود افراد کی موت کا اعلان کردیا گیا ہے۔

پولیس نے شمالی آئیرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک 25 سالہ شخص کوان افراد کے قتل کے شُبے میں گرفتار کر لیا ہے۔

چیف سپرنٹنڈنٹ پولیس اینڈریو میرینر کا کہنا ہے کہ حکام اب مردہ پائے گئے ان افراد کی شناخت کررہے ہیں۔ ان میں اڑتیس بالغ ہیں اور ایک لڑکا ہے۔ان کی شناخت کا عمل طویل بھی ہوسکتا ہے۔

میرینر نے بتایا ہے کہ یہ ٹرک 19 اکتوبر ہفتے کے روز برطانیہ میں داخل ہوا تھا اور پولیس دوسرے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔

پولیس نے تھراک میں واقع واٹر گلیڈ انڈسٹریل پارک کا گھیراؤ کر رکھا ہے اور اس کو بند کردیا گیا ہے۔