.

تُونس: النہضہ کے لیڈر راشد الغنوشی نئی پارلیمان کے اسپیکر منتخب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

تُونس کی مذہبی سیاسی جماعت النہضہ کے قائد راشد الغنوشی اکثریتی ووٹوں سے نئی پارلیمان کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔انھوں نے 123 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

النہضہ نے گذشتہ ماہ تُونس میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں مگر 217 ارکان پر مشتمل پارلیمان میں اس کی نشستوں کی تعداد 52 رہی تھی۔وہ اپنے اسپیکر اور وزیراعظم کے انتخاب کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

اب آیندہ جمعہ تک النہضہ پارلیمان کی سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے اپنا وزیراعظم نامزد کرے گی اور وہ دو ماہ میں نئی حکومت کی تشکیل کا پابند ہوگا۔

النہضہ نے اپنے لیڈر راشد الغنوشی کے بہ طوراسپیکر انتخاب سے قبل پارلیمان میں دو چھوٹی جماعتوں حرکت الشعب اور جماعت التیار سے مخلوط حکومت بنانے کے لیے بات چیت کی تھی اور اب وہ ان دونوں جماعتوں سے باضابطہ مذاکرات کرے گی۔