.

ماسکو میں ایک لاکھ ڈالر کرائے پر دستیاب فلیٹ کی خاص بات کیا ہے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دُنیا کے کئی ممالک کے بڑے شہروں میں غیرمنقولہ جائیدادوں کی قیمتوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔اس اعتبار سے روس کا دارالحکومت ماسکو سب سے مہنگے شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ماسکو میں ایک پرتعیش فلیٹ ایسا بھی ہے جس کا ایک ماہ کا کرایہ جان کرآپ بھی حیرت زدہ ہوجائیں گے۔ دارالحکومت کے وسط میں واقع اس فلیٹ کا ایک ماہ کا کرایہ ایک لاکھ ڈالر اور ایک رات کا تین ہزار ڈالر سے زیادہ ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ نے روسی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ماسکو میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ٹنوں سنگ مرمر استعمال کیے گئے ہیں۔ یہ پُرتعیش فلیٹ روسی پارلیمنٹ کی عمارت سے چند میٹر کے فاصلے پر ہونے کے ساتھ مرکزی گرجا گھر کے بھی نزدیک ہے۔ اس گرجا گھر میں سال بھرمذہبی سیاحوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماسکو کے اس فلیٹ کا ایک ماہ کا کرایہ دنیا کی مہنگی ترین لگژری کار کی قیمت کے برابر ہے۔ اسی طرح اس رقم سے روس کے کسی دوسرے شہر میں ایک درمیانے درجے کا فلیٹ خرید کیا جا سکتا ہے۔

یہ فلیٹ ماسکو میں 'خاموفنیکی' کے مقام پر واقع ہے۔ یہاں رہائش اختیار کرنے والا خود کو دنیا کے قلب میں محسو کرے گا اور ایک شہنشاہ کی طرح رہے گا۔

فلیٹ کی کھڑکیوں سے شہر کے درمیان سے بہتے 'دریائے موسکووا' کے نظارے کرنے کے ساتھ ساتھ روس کے آرتھوڈوکس عیسائیوں کی سب سے بڑی عبادت گاہ'کریسٹ دا سافیار' کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔