عدلیہ کمیٹی صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے آئینی دفعات وضع کرے: نینسی پیلوسی کی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکی ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے ہاؤس کی عدلیہ کمیٹی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے لیے دفعات وضع اور مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔امریکی صدر کا یوکرین پراپنے ڈیموکریٹک سیاسی حریف کے خلاف تحقیقات کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش پر مواخذہ کیا جارہا ہے۔

پیلوسی نے جمعرات کو ایک نشری بیان میں کہا ہے کہ ’’حقائق ناقابل تردید ہیں۔صدر نے اپنے سیاسی فائدے کے لیے قومی سلامتی کی قیمت پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔انھوں نے اوول آفس میں ایک اہم اجلاس کو موخر کرنے اور امداد روکنے کے بدلے میں اپنے ایک سیاسی حریف کے خلاف تحقیقات کے اعلان کے لیے دباؤ کا حربہ استعمال کیا تھا۔‘‘

اسپیکر نے کہا کہ ’’افسوس تو ہے مگر ہم اعتماد اوراحتیاط کے ساتھ اپنے بانیوں سے اظہار وفاداری کرتے ہیں ۔ہمارے دل امریکا کی محبت میں لبریز ہیں۔ آج میں اپنے چئیرمین سے مواخذے کی دفعات کو بروئے کار لانے کا کہہ رہی ہوں۔‘‘

وہ ایوان نمایندگان کی عدلیہ کمیٹی کے چئیرمین جیرولڈ نیڈلر کا ذکر کررہی تھیں۔اس کمیٹی نے گذشتہ روز تین آئینی ماہرین کی سماعت کی تھی اور انھوں نے یہ رائے دی تھی کہ صدر ٹرمپ قابل مواخذہ فعل کے مرتکب ہوئے تھے۔ان تینوں ماہرین کو ڈیموکریٹس نے بلوایا تھا۔ری پبلکن ارکان کے ایک چوتھے آئینی ماہر کو لے کر آئے تھے اور اس نے ڈیموکریٹس کی قیادت میں مواخذے کی انکوائری کو عاجلانہ اور نقائص سے بھرپور قرار دیا تھا۔

ایوان نمایندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی نے اسی ہفتے صدر ٹرمپ کی یوکرین سے معاملہ کاری کے بارے میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی تھی۔صدر ٹرمپ نے یوکرین پر زوردیا تھا کہ وہ ان کے حریف اور امریکا کے سابق نائب صدر جو بائیڈن کے خلاف تحقیقات کرے۔

جو بائیڈن 2020ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نامزدگی کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں اور وہ ممکنہ طور پر صدر ٹرمپ کے مدمقابل ہوں گے۔

امریکی صدر نے یوکرین پر زوردیا تھا کہ وہ اس ازکارِ رفتہ تھیوری کی بھی تحقیقات کرے کہ 2016ء میں امریکا میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں روس نے نہیں، بلکہ یوکرین نے مداخلت کی تھی۔

ڈیموکریٹس نے صدر ٹرمپ پر الزام عاید کیا ہے کہ انھوں نے یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی پر دباؤ ڈالنے کے لیے ان کے ملک کو امریکا کی جانب سے ملنے والی 39 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی امداد روک لی تھی اور ان سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ وہ جو بائیڈن کے خلاف تحقیقات کروائیں۔صدر ٹرمپ اس معاملے میں کسی غلط روی سے انکار کرچکے ہیں۔انھوں نے اپنے خلاف مواخذے کی تحقیقات کو ایک ڈھونگ قراردیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں