.

کویت کے سابق وزیر خزانہ نایف الحجرف جی سی سی کے نئے سیکریٹری جنرل مقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے وزرائے خارجہ نے اتفاق رائے سے کویت کے سابق وزیرخزانہ ڈاکٹر نایف الحجرف کو کونسل کا نیا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نایف الحجرف اپریل 2020 میں اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ ان کے پیش رو بحرین سے تعلق رکھنے والےعبداللطیف بن رشید الزیانی اپنی مدت پوری ہونے کے بعد آیندہ سال سیکریٹری جنرل کے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔

جی سی سی کے وزرائے خارجہ نے سربراہ اجلاس سے قبل نئے سیکریٹری جنرل کی نامزدگی کی منظوری دی ہے۔نایف الحجرف نے سات نومبر کو کویت کے وزیر خزانہ کی حیثیت سے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا تھا اور کویت نے انھیں چھے رکن ممالک پر مشتمل خلیج تعاون کونسل کا نیا سیکریٹری جنرل نامزد کیا تھا۔

وہ وزیر خزانہ مقرر ہونے سے قبل کویت میں کیپٹل مارکیٹس اتھارٹی کے چیئرمین اور مینجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن بھی رہے تھے۔

ان ذمے داریوں سے قبل وہ بحرین میں بی بی کے بنک ، فرسٹ بحرین رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کمپنی اور الریاض میں عرب انویسٹمنٹ کمپنی میں خدمات انجام دے چکے تھے۔

وہ ماضی میں کویت کے وزیر تعلیم اور وزیر برائے اعلیٰ تعلیم بھی رہے تھے۔وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور انھوں نے کویت یونیورسٹی سے اکاؤنٹنگ میں بیچلر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی تھی۔پھرامریکا کی یونیورسٹی آف ایلنائے سے اکاؤنٹنگ ہی میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی۔نایف الحجرف نے یونیورسٹی آف ہل سے اکاؤنٹنگ اور فنانس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی۔