ایران میں پُرامن مظاہرین کی پکڑدھکڑ میں ملوّث حکام کو امریکی ویزا نہیں ملے گا!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکا نے ایران میں پُرامن مظاہرین سے ناروا سلوک میں ملوّث اور انھیں گرفتار کرکے پس دیوار زنداں کرنے والے سابقہ اور موجودہ عہدے داروں کو ویزے جاری نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اس فیصلے کا اعلان ایران میں انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں محکمہ خارجہ میں جمعرات کو گفتگو میں کیا ہے۔امریکا کا یہ اقدام بھی ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی حکومت نے15نومبر کو پیٹرول کی قیمت میں 50 سے 300 فی صد تک اچانک اضافہ کردیا تھا۔اس اقدام کے خلاف ملک بھر میں پُرتشدد ہنگامے شروع ہوگئے تھے اور یہ ایک سو شہروں اور قصبوں میں پھیل گئے تھے۔بعض شہروں میں نقاب پوش نوجوانوں نے پیٹرول اسٹیشنوں ، بنکوں اور دوسری سرکاری املاک کو نذر آتش کردیا تھا اور ان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔

ایرانی حکومت نے ان مظاہروں میں ہلاکتوں کے کوئی سرکاری اعداد وشمار جاری نہیں کیے ہیں۔البتہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ اس نے 208 مظاہرین کی ہلاکتوں کا ریکارڈ جمع کیا ہے۔

امریکا کے خصوصی نمایندہ برائے ایران برائن ہُک نے اگلے روز یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی فورسز نے ملک میں وسط نومبر کے بعد پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں ایک ہزار سے زیادہ افراد کو ہلاک کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکا کو ایران میں احتجاجی مظاہروں کے دوران تشدد کے واقعات میں سے ایک کی ویڈیو موصول ہوئی تھی۔اس میں ایک سو سے زیادہ افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔

برائن ہُک کے بہ قول احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں ایرانی زخمی ہوگئے تھے اور کم سے کم سات ہزار افراد کو پکڑ کرایرانی جیلوں میں بند کیا گیا ہے۔

ایرانی حکام نے جلاوطن حزبِ اختلاف سے وابستہ ’’ٹھگوں‘‘ اور ایران کے غیرملکی دشمنوں پر بد امنی پھیلانے اور طوائف الملوکی کا الزام عاید کیا تھا۔ایران کے رہبرِاعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ان مظاہروں کو ایک سازش کا شاخسانہ قرار دیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس سازش میں امریکا ملوّث تھا لیکن ان کے بہ قول:’’ایرانی عوام نے اس سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔اس پربہت زیادہ رقم اور کوششیں کام آئی ہیں۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں