.

سعودی عرب:الدمام میں بروقت سکیورٹی آپریشن، دہشت گردی کے بڑے حملے کی سازش ناکام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی پریزیڈینسی برائے اسٹیٹ سکیورٹی نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے الدمام میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے ایک بڑے حملے کی سازش کو ناکام بنا دیا تھا۔ الدمام میں گذشتہ بدھ کو سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دو مطلوب جرائم پیشہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ادارے کے ترجمان نے اتوار کو سکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کی تفصیل جاری کی ہے اور بتایا ہے کہ الدمام میں ایک کار سے پانچ کلو گرام شاہی دھماکاخیز مواد (آر ڈی ایکس) برآمد ہوا تھا۔ دنیا بھر میں اس کیمیکل آمیزے کو فوجی مقاصد کے لیے دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کارروائی میں مارے گئے دونوں جرائم پیشہ افراد اس کار کو دھماکے سے اڑانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

بیان میں ان دونوں مہلوک جرائم پیشہ افراد کی شناخت احمد عبداللہ سوید اور عبداللہ حسین النمر کے نام سے کی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں مشتبہ افراد دھماکا خیز مواد سے لدی کار کو الدمام بھر میں چلاتے رہے تھے۔

اس کے بعد وہ شہر کے علاقے العند میں ایک عمارت میں چھپ گئے تھے۔پولیس نے ان دونوں کو تلاش کر لیا تھا۔اس نے پہلے ان سے ہتھیار ڈالنے کا کہا تھا لیکن جب انھوں نے انکار کیا تو انھیں پھر ہلاک کردیا تھا۔

سکیورٹی فورسز نے ان کے زیر استعمال کار سے ایک مشین گن ، دو پستول اور گولیاں بھی برآمد کی تھیں۔ پریزیڈینسی کے بیان کے مطابق ان کے ایک تیسرے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس سے اب تحقیقات کی جارہی ہے اور اس کی تکمیل تک اس کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ العربیہ نیوزچینل نے گذشتہ بدھ کو ان دو مشتبہ جرائم پیشہ افراد کی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاکت کی اطلاع دی تھی لیکن اس کی مزید کوئی تفصیل بتائی تھی اور نہ سعودی حکام نے اس واقعہ کے بارے میں کوئی بیان جاری کیا تھا۔