.

لیبی فوج نے الزاویہ میں قومی وفاق ملیشیا کا اسلحہ کا گودام تباہ کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا کی قومی فوج کے ترجمان میجرجنرل احمد المسماری نے بتایا ہےکہ ہفتے کے روز الزاویہ شہر میں دو فضائی حملوں کے دوران قومی وفاق ملیشیا کا اسلحہ ایک گودام تباہ کردیا گیا۔ قبل ازیں جمعہ کے روز المسماری نے کہا تھا کہ فوج جلد ہی ایک اہم اعلان کرنے کی تیاری کررہی ہے۔

لیبی فوج کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی وفاق حکومت کے وفادار محمد کشلاف المعروف القصب کے ابو غلاشہ کے مقام پرقائم اسلحہ کے گودام پر دو فضائی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں اسلحہ ڈپو مکمل طور پرتباہ ہوگیا۔

جمعہ اور کل ہفتے کے روز الزاویہ میں حکومت نواز فورسز اور لیبی فوج کے درمیان ابو عیسیٰ کے مقام پر شدید جھڑپیں ہوئیں۔ الزاویہ شہر دارالحکومت طرابلس سے مغرب میں 48 کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔ جمعہ کے روز لیبی فوج نے دارالحکومت طرابلس میں ہوائی اڈی کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پراپنا کنٹرول قائم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

جمعہ کے روز میجر جنرل المسماری نے کہا تھا کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران لیبی قوم کو سرپرائز دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ایلیٹ فورس طرابلس کی مرکزی کالونیوں میں لڑائی کے لیے تیار ہے۔

'العربیہ' چینل سے ٹیلیفون پربات کرتےہوئے المسماری نے کہا کہ قومی فوج نے طرابلس ہوائی اڈے کو ملانے والی شاہراہ پراپنا کنٹرول مضبوط کرلیا ہے اور ہم طرابلس کو آزاد کرانے کے لیے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔