.

سعودی عرب: جازان کے موسمِ سرما میلے میں 18 ممالک شریک ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے صوبے جازان میں صوبائی سطح پر سب سے بڑے کارنیوال کے انعقاد کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ اس سرگرمی میں 18 ممالک کے علاوہ جازان صوبے کے 16 اضلاع بھی شرکت کر رہے ہیں۔ کارنیوال کے افتتاح کی تقریب آئندہ جمعے کے روز 3 جنوری کو جازان کے گورنر شہزادہ محمد بن ناصر بن عبد العزيز کی سرپرستی میں منعقد ہو گی۔ جازان میں موسم سرما کے اس میلے (Winter Festival) کا 12 واں ایڈیشن دو ہفتے تک جاری رہے گا۔

میلے میں موسیقی کی محفلیں، اسٹیج پروگرام اور تھیٹرز کے علاوہ جنوبی کورنیش پر واقع واٹر پلے لینڈ کی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ ان کے علاوہ جازان ہیریٹیج وِلیج اور شاپنگ فیسٹول عوامی سطح پر لوگوں کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

جازان موسم سرما میلے کی سپریم انتظامی کمیٹی کے سربراہ عبداللہ المدیمیغ کا کہنا ہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران اس ایونٹ نے بڑے پیمانے پر کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ اس میلے نے اپنے آغاز کے بعد سے جازان صوبے میں سیاحت اور ثقافت کے شعبوں کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔