امریکی جہاں کہیں ایران کی پہنچ میں ہوئے،انھیں سزا دی جائے گی:کمانڈر سپاہِ پاسداران
سپاہِ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے ردعمل میں امریکی جہاں کہیں بھی ایران کی پہنچ میں ہوئے ،انھیں سزا دی جائے گی۔
امریکیوں پر حملوں کی یہ دھمکی ایران کے جنوبی صوبہ کرمان میں سپاہِ پاسداران انقلاب کے کمانڈر غلام علی ابو حمزہ نے دی ہے۔اس کے بعد خلیج میں بحری جہازوں پر حملوں کا امکان بڑھ گیا ہے۔
ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق کمانڈر غلام علی ابو حمزہ نے کہا ہے کہ ’’ایران امریکا سے میجر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔‘‘
انھوں نے کہا:’’آبنائے ہُرمز مغرب اورامریکا کے جنگی بحری جہازوں اور ڈسٹرائیر کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ایران نے عرصہ پہلے خطے میں امریکا کے اہم اہداف کی نشان دہی کر لی تھی۔اس وقت خطے میں امریکا کے پینتیس اہداف اور تل ابیب ہماری پہنچ میں ہیں۔‘‘