سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مملکت کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکا کے ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد خطے میں صورت حال مزید کشیدہ نہیں ہوگی۔
شہزادہ فرحان نے سوموار کے روز دارالحکومت الریاض میں ایک نیوزکانفرنس میں کہا ہے:’’ہم یہ چاہتے ہیں کہ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔یہ یقینی طور پر ایک بہت ہی خطرناک لمحہ ہے،ہمیں خطے اور دنیا بھر میں سلامتی کو درپیش خطرات کے بارے میں چوکنا رہنا ہوگا۔‘‘
انھوں نے کہا:’’ہمیں امید ہے،تمام کردار مزید کشیدگی اور اشتعال انگیزی سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔‘‘
شہزادہ فرحان نے یہ نیوزکانفرنس عرب اور افریقی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد کی ہے۔اس اجلاس میں بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے کنارے واقع آٹھ ممالک کی کونسل کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔