دبئی میں طوفانی بارش کے نتیجے میں بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں، ان میں بعض کا رُخ موڑ دیا گیا ہے یا منسوخ کردی گئی ہیں۔
سرکاری ادارے دبئی ائیر پورٹس نے ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ پروازیں ممکنہ طور پر پورا دن تاخیر کا شکار رہیں گی، بعض پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں یا ان کا رُخ نزدیک واقع المکتوم ائیرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر اور فوٹیج میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کا رن وے کا حصہ پانی میں ڈوبا ہوا نظر آرہا ہے۔
دبئی ائیر پورٹ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔یہ امارات (ایمریطس) ائیرلائںز اور فلائی دبئی کا اڈا (بیس) بھی ہے۔
امارات ائیرلائنز کا کہنا ہے کہ اس کی دبئی آنے اور وہاں سے اڑنے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ فلائی دبئی نے بھی اپنی پروازوں کی آمد ورفت میں تاخیر کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ بعض پروازوں کا دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب رُخ موڑ دیا گیا ہے۔