.

سعودی شاہ سلمان کی عُمان کے سلطان قابوس کی وفات پر تعزیت کے لیے مسقط آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز عُمان کے سلطان قابوس بن سعید کی وفات پر اظہارِ تعزیت کے لیے سوموار کے روز مسقط پہنچے ہیں۔

انھوں نے اپنی آمد کے بعد عُمان کے نئے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید سے ملاقات کی ہے اور ان سے سلطان قابوس کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سلطان قابوس ہفتے کو علی الصباح مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے تھے۔ان کی عمر 79 سال تھی۔

عُمان کے نئے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے اسی روز اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ انھوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پیش رو کی غیر جانبدارانہ خارجہ پالیسی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔اس پالیسی کے تحت عُمان نے اپنے ہمسایہ ممالک سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات اور ایران کے ساتھ تعلقات میں ایک توازن برقرار رکھا تھا۔

سلطان قابوس کی وفات پرآپس میں حلیف اور حریف ممالک نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دنیا بھر اور خطے کے مختلف ممالک کے لیڈر اتوار کے روز عُمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے تھے۔انھوں نے اس خلیجی ریاست کے نئے سلطان ہیثم بن طارق سے مرحوم سلطان قابوس کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

مسقط آنے والوں میں قطر اور متحدہ عرب امارات کے حکمراں بھی شامل تھے جن کی آپس میں مخاصمت چلی آرہی ہے۔ان کے علاوہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی عُمان کے نئے سلطان سے ملاقات کی تھی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔