صومالیہ : الشباب کا خودکش کاربم حملہ،چارافراد ہلاک ،6 ترک ورکروں سمیت 20 زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

صومالیہ کے دارالحکومت مقدیشو کے نزدیک ہفتے کے روز ایک زیرتعمیر شاہراہ پر خودکش کار بم دھماکے میں چار افراد ہلاک اور چھے ترک انجنئیروں سمیت بیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

صومالی پولیس کے مطابق خودکش بمبار نے دارالحکومت کے نزدیک ایک زیرتعمیر شاہراہ پر کام میں مصروف ورکروں کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔پولیس کے کرنل عابدی عبدالالٰہی کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا ہدف ترکی کے تعمیراتی ورکر تھے۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے ترک کنٹریکٹروں کے زیر استعمال کنٹینر تباہ ہوگیا ہے۔

Advertisement

ترکی کے وزیر صحت فخرالدین کوکا نے بم دھماکے میں چھے ترک شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ان میں دو کی حالت تشویش ناک ہے۔ ترک تعمیراتی ورکر صومالی دارالحکومت مقدیشو سے 30 کلومیٹر شمال میں واقع شہر افگوئے کی جانب جانے والی مرکزی شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔

زخمیوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار ہیں۔ وہ ترک ورکروں کی سکیورٹی پر مامور تھے۔صومالیہ میں القاعدہ سے وابستہ انتہا پسند گروپ الشباب نے اس خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔الشباب کے جنگجو آئے دن مقدیشو اور اس کے نواحی علاقوں میں اس طرح کے تباہ کن بم حملے کرتے رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ترکی نے گذشتہ تین عشروں سے خانہ جنگی کا شکار صومالیہ میں بھاری سرمایہ کی ہے۔ترک حکومت کے مطابق صومالیہ کو ٹیکنیکل اور ترقیاتی منصوبوں کی شکل میں ایک ارب ڈالر کی امداد مہیا کی گئی ہے۔

مقدیشو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور بندرگاہ کا انتظام وانصرام ترکی کی کمپنیاں ہی چلا رہی ہیں۔2016 ء میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے مقدیشو میں اپنے ملک کے نئے سفارت خانے کے کمپلیکس کا افتتاح کیا تھا۔ دنیا بھر میں کسی بھی ملک میں یہ ترکی کا سب سے بڑا سفارتی کمپلیکس ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں