امریکا کی قاسم سلیمانی کےجانشین کو قتل کرنے کی دھمکی ’سرکاری دہشت گردی‘کی غمازہے: ایران
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا ہے کہ ’’امریکا کی القدس فورس کے مقتول کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کے جانشین کو قتل کرنے کی دھمکی ایک ’’اہدافی اور سرکاری دہشت گردی‘‘ کی غماز ہے۔
عباس موسوی نے جمعرات کو یہ بیان امریکا کے خصوصی ایلچی برائے ایران برائن ہُک کی ایک انٹرویو میں دی گئی دھمکی کے ردعمل میں جاری کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ اگر جنرل قاسم سلیمانی کے جانشین اسماعیل قاآنی نے ان کی طرح امریکیوں کو ہلاک کرنے کی روش اپنائی تو پھر انھیں بھی اپنے پیش رو جیسے انجام سے دوچار ہونا پڑے گا۔
برائن ہُک نے پان عرب روزنامے الشرق الاوسط سے بدھ کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے ایک ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جس کو ایرانی نظام پُر نہیں کرسکے گا۔‘‘
ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک کارروائیوں کی ذمے دار القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی تین جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکا کے ایک ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔ان کی ہلاکت کے بعد سے امریکی اور ایرانی حکام ایک دوسرے کے خلاف اسی طرح کے تندوتیز بیانات جاری کررہے ہیں۔