ایران کی بندرگاہ جاسک پر چار مال بردار جہازوں اور مچھلیوں کے شکار میں استعمال ہونے والی کشتیوں کو آگ لگ گئی ہے۔ایران کی ایک نیم سرکاری خبررساں ایجنسی وائی جے سی نے اتوار کو آتش زدگی کے اس واقعے کی اطلاع دی ہے لیکن یہ نہیں بتایا ہے کہ ان جہازوں کو کیسے آگ لگی ہے۔
صوبہ ہرمزگان میں واقع ساحلی شہر جاسک کےگورنر محمد رحمہر نے اس ایجنسی کو بتایا ہے کہ ’’ان میں سے دو چھوٹے جہاز مکمل طور پر جل گئے ہیں اور آگ بجھانے والا عملہ دو جہازوں کو لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے۔‘‘
انھوں نے مزید بتایا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے دوران میں آگ بجھانے والے عملہ کے متعدد ارکان اور طبی کارکنان زخمی ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ اور واقعے میں متاثرہ افراد کی تعداد کے تعیّن کے لیے تحقیقات کی جارہی ہے۔