کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کی مدد کو تیار ہیں: امارات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ان کا ملک کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید نے ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں کہا کہ "ہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے چینی حکومت کی کوششوں کو دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔ اس بحران سے نکلنے کے لیے ہم اپنے دوست ملک چین کی بھرپور مدد کریں گے۔ ہمیں چین پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اس مشکل سےجلد ہی باہر نکل آئے گا۔ اس میں متحدہ عرب امارات انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت بیجنگ کی مدد کو تیار ہے"۔

اماراتی نیوز ایجنسی 'ڈبلیو اے ایم' کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر صحت عبدالرحمن بن محمد العویس نے اتوار کے روز اس بات کی تصدیق کی کہ متحدہ عرب امارات کورونا وائرس کا کوئی کیس موجود نہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں وائرس سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اس حوالے سے حکومت نے بھی اہم اقدامات کیے ہیں۔

وزیر صحت نے کل اتوار کو نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کے اجلاس کے دوران بتایا کہ نئے کورونری نمونیا وائرس کی آمد کو روکنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ایسے کسی بھی مشکوک کیس کی موجودگی پر فورا ڈاکٹر سے رجوع کریں اور مجاز حکام کو اس حوالے سے مطلع کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں