کرونا وائرس: چین میں 80 ہلاکتوں اور 2744 متاثرہ افراد کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

چین کے وسطی صوبے ہوبی میں کرونا وائرس سے متاثر مزید 24 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔چین میں اس مہلک وائرس کے نتیجے میں اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 80 تک پہنچ گئی ہے۔

ہوبی صوبے میں کرونا سے متاثر مزید 371 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس طرح حکومتی اعداد و شمار کے مطابق چین کے تمام علاقوں میں اس مہلک وبا میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد 2744 ہو گئی ہے۔ ان میں 1423 افراد کا تعلق ہوبی صوبے سے ہے۔

چین کے علاوہ متعدد ممالک مثلا جاپان، فرانس اور امریکا وغیرہ میں اس نئے وائرس کے کیسوں کا اندراج سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب اور امارات کے بعد بحرین، سوڈان، عراق، فلسطین، لبنان اور مراکش نے بھی تصدیق کی ہے کہ اب تک ان کے یہاں کرونا کا کوئی کیس ریکارڈ نہیں ہوا۔

چین میں فلسطینی کمیونٹی کے سربراہ اور عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ چین میں موجود فلسطینی اور عراقی شہریوں میں کرونا وائرس ظاہر نہیں ہوا ہے۔

عراقی وزارت خارجہ چینی حکام کے ساتھ رابطے کے ذریعے عراقی طلبہ کو ووہان شہر سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ادھر کویت نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ اس نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب احتیاطی اقدام کے طور پر چین میں اپنے سفارت کاروں کے اہل خانہ کو واپس بلا لیا ہے۔

موریتانیہ کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے کے لے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہوائی اڈوں پر طبی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ چین کے وائرس سے متاثرہ علاقے سے موریتانیہ کے چھے شہریوں کو نکال لیا گیا ہے۔

مراکش کی وزارت خارجہ کے مطابق چین میں مقیم مراکشی شہریوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ چین میں مراکش کے سفارت خانے نے خصوصی ای میل اور ٹیلیفون نمبروں کو مختص کیا ہے۔ ان کے ذریعے چین میں موجود مراکشی شہری اور طلبہ مدد طلب کر سکتے ہیں۔

کرونا وائرس گذشتہ سال کے آخر میں چین کے وسطی صوبے ہوبی کے ووہان شہر میں ظاہر ہوا تھا۔ اس کے بعد یہ پھیلتے ہوئے بیجنگ، شنگھائی، امریکا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، جاپان، آسٹریلیا، فرانس اور کینیڈا تک پہنچ گیا ہے۔ چین کے کئی شہر اس کی لپیٹ میں ہیں۔

یہ وائرس انسان کو نزلہ اور زکام سے ملتے جلتے امراض میں مبتلا کر دیتا ہے اور اس کا نطام تنفس متاثر ہوتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں