ری پبلکن سینیٹروں کی قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے ذمے دارامریکیوں کواعزاز دینے کے لیے قرارداد
امریکا کی حکمراں ری پبلکن پارٹی کے تینتالیس سینیٹروں پر مشتمل گروپ نے ایک قرارداد پیش کی ہے،اس میں ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت میں کردار ادا کرنے والے امریکی فوجیوں اور انٹیلی جنس کمیونٹی کے ارکان کواعزاز سے نوازنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس قرارداد کا متن پوسٹ کیا ہے۔اس میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو عراق ، افغانستان اور دوسرے علاقوں میں دہشت گردی کے حملوں کا ذمے دار قراردیا گیا ہے جن کے نتیجے سیکڑوں امریکی اہلکار مارے گئے تھے۔
JUST INTRODUCED w 42 fellow GOP senators resolution to honor members of military & intel community who carried out mission to take out Soleimani, a terrorist responsible for the deaths of hundreds of thousands of people across the Middle East, including 603 US service members. pic.twitter.com/1XNgXHFO3z
— Senator Ted Cruz (@SenTedCruz) January 9, 2020
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ان امریکی اہلکاروں پر حملوں کے لیے ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی القدس فورس نے ہتھیار اور گولہ بارود مہیا کیا تھا۔
میجرجنرل قاسم سلیمانی تین جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہوائی اڈے کے نزدیک امریکا کے ایک ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔پینٹاگان نے تب ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ آپریشن ایران کے مستقبل میں حملوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔
اس نے مزید کہا تھا کہ امریکا دنیا بھر میں امریکیوں اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
مقتول میجر جنرل قاسم سلیمانی نے مشرقِ اوسط میں ایران کی گماشتہ جنگوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔انھوں نے ایران کی آلہ کار ملیشیاؤں کو عسکری تربیت دے کر منظم کیا تھا۔ وہ ایران کے ہم نوا ملکوں کے سیاسی لیڈروں سے مذاکرات بھی کرتے رہے تھے۔