ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ امن منصوبے پر ملا جلا عالمی ردعمل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری دیرنیہ تنازع کے حل کے لیے پیش کردہ امن فارمولے کے حوالے سے عالمی برادری ملا جلا ردعمل ظاہر کر رہی ہے۔

امن منصوبے کومثبت قدم ہونا چاہیئے: برطانیہ

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ مشرق وسطیٰ کے امن منصوبے پرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بورس جانسن کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔ وزیراعظم جانسن نے کہا ہے کہ امن فارمولہ مثبت نکات پر مشتمل ہونا چاہیے تاکہ تمام فریقین اسے قبول کرلیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں رہ نمائوں کے درمیان امریکا کے مشرق وسطیٰ امن منصوبے کے نکات پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راپ کا کہنا ہے کہ امن منصوبے کو واضح اور ٹھوس تجاویز پرمشتمل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو بقائے باہمی کے اصول کےتحت مل کر رہنے اور آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ دونوں فریقوں کو بہتر مستقبل کے لیے فیصلہ کرنے کا اختیار دینا چاہیے۔

روس کا فلسطین ۔ اسرائیل مذاکرات پر زور

امریکا کے مشرق وسطیٰ امن منصوبے 'صدی کی ڈیل' پر روس کی طرف سے بھی مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی امن پروگرام تجاویز پر مبنی فارمولہ ہے تاہم واشنگٹن کو اپنا فیصلہ مسلط کرنے کا کوئی حق نہیں۔

وزارت خارجہ کی طرف سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ فریقین بات چیت کے ذریعے اپنے مسائل کے حل پر زور دیں۔

روسی نائب وزیر خارجہ میخائل یوگدانوف نے کہا کہ فلسطینی اور اسرائیلی دو ریاستی حل کے لیے خود مذاکرات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا کی امن تجاویز فریقین کے لیے قابل قبول ہوئیں تو ہم دیگر فریقین کے ردعمل کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

امریکی منصوبہ مُردہ بچہ پیدا کرنے کے مترادف: ترکی

امریکی امن منصوبے پر ترکی کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ترکی نے امریکی صدر کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی امن منصوبہ میں فلسطینی اراضی چوری کرنے اور اسرائیلی ریاست کی قیمت پر فلسطینی ریاست کے قیام کو دبانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ امریکی امن منصوبہ امریکا کی طرف سے پیش کردہ امن منصوبہ فلسطینی ریاست کے تصور کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔ ’’امریکی امن تجاویز مردہ پیدا کرنے کے مترادف ہے۔‘‘

انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ٹرمپ کے امن منصوبے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کسی بھی امن پروگرام میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔

جرمنی کا فریقین کے لیے قابل قبول حل پر زور

جرمن وزیر خارجہ ھایکوس ماس نے کہا ہےکہ مشرق وسطیٰ میں ایسا کوئی بھی فارمولہ قبول کیا جا سکتا ہے جس پر فلسطینی اور اسرائیلی دونوں متفق ہوں۔ ایسا فارمولا ہی فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان دائمی اور دیر پا امن کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی امن منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے دیگر اتحادیوں کے ساتھ بھی صلاح مشورہ کیا جائے گا۔

یورپی یونین کا دو ریاستی حل پر زور

یورپی یونین کی طرف سے امریکی امن منصوبے صدی کی ڈیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے لیے ایسا حل پیش کیا جائے جس میں دو ریاستی حل کی تجویز پیش کی گئی ہو۔

یورپی یونین کے وزیر خارجہ جوزیپ پوریل نے کہا کہ یونین امریکی امن فارمولے میں پیش کردہ تجاویز کا مطالعہ کرے گی۔

انہوں نے فلسطنیوں اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کے جمود کو ختم کرنے اور با مقصد بات چیت شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یو این کا تنازع کو عالمی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے پر زور

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ترجمان نے امریکی امن منصوبے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن کوششوں کو آگے بڑھانے کی مساعی کا عزم کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اسرائیل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین پرعمل درآمد کرنا ہوگا۔ اسرائیل کو سنہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے علاقوں کو خالی کرکے فلسطینیوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی کوشش کرنا ہوگی۔

یو این سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے کہا کہ اقوام متحدہ کا تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کے حوالے سے موقف واضح ہے۔ مشرق وسطیٰ کے تنازع کو سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی منظور شدہ قراردادوں کی روشنی میں حل کرنا ہوگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں