.

کرونا وائرس: مصر اور برطانیہ کی فضائی کمپنیوں کی چین کے لیے تمام پروازیں معطل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر اور برطانیہ کی قومی فضائی کمپنیوں نے مہلک وائرس کرونا کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر چین کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔

مصر کی شہری ہوابازی کی وزارت نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر للطیران (مصرائیر) کی چین جانے اور وہاں سے واپس آنے والی تمام پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے برطانیہ کی قومی فضائی کمپنی برٹش ائیرویز نے بھی چین میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد اپنی تمام پروازیں ایک ماہ کے لیے منسوخ کرنے کا ا علان کیا ہے۔

برٹش ائیرویز کی خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ اور شنگھائی کے لیے تمام پروازیں فروری کے آخر تک معطل کی جارہی ہیں۔البتہ ہانگ کانگ کے لیے برٹش ائیرویز کی پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

چین میں نئے مہلک وائرس کرونا کے پھیلنے کے بعد سے اب تک 170 اموات ہوچکی ہیں اور 7700 سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔